پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں 77 فیصد ریکارڈ اضافہ، سندھ پیداوار میں پنجاب سے آگے

پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں 77 فیصد ریکارڈ اضافہ، سندھ پیداوار میں پنجاب سے آگے

اسلام آباد: پاکستان میں رواں کاٹن سیزن کے آغاز سے 15 جولائی 2026 تک کپاس کی قومی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 77 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ سندھ نے پیداوار کے لحاظ سے پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے مطابق ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 5 لاکھ 27 ہزار 900 گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 لاکھ 30 ہزار 149 گانٹھیں زیادہ ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق سندھ میں کپاس کی پیداوار 114 فیصد جبکہ پنجاب میں 39 فیصد بڑھی۔ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں 3 لاکھ 26 ہزار 400 جبکہ پنجاب میں 2 لاکھ ایک ہزار 500 گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی، جس سے سندھ کی پیداوار پنجاب سے 38 فیصد زیادہ رہی۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل ملوں نے 4 لاکھ 44 ہزار 379 گانٹھوں کی خریداری کی، جبکہ ملک میں پنجاب کی 111 اور سندھ کی 107 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں۔ ماہرین کے مطابق پیداوار میں اضافے کے بعد مقامی مارکیٹ میں روئی کی قیمت میں بھی تقریباً 300 روپے فی من کمی ریکارڈ کی گئی۔

More News