پی ٹی اے کا سم رجسٹریشن کے لیے فیس ویریفکیشن متعارف کرانے پر غور، فنگر پرنٹس کا متبادل تیار
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فنگر پرنٹس کی تصدیق میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے چہرے کی شناخت (فیس ویریفکیشن) پر مبنی نئے تصدیقی نظام پر کام شروع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت ایسے افراد کو بھی آسانی سے سم کارڈ جاری کیا جا سکے گا جن کے فنگر پرنٹس موجودہ بائیومیٹرک نظام سے تصدیق نہیں ہو پاتے۔ اس اقدام سے سم رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ محفوظ، تیز اور صارف دوست بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ سہولت خاص طور پر بزرگ شہریوں، محنت کش مزدوروں اور ایسے صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگی جنہیں فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اتھارٹی نے اس منصوبے پر پیش رفت سے متعلق حکومت اور پارلیمان کو تفصیلی رپورٹ بھی ارسال کر دی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے فیشل ویریفکیشن متعارف کرانے سے سم رجسٹریشن کا نظام مزید محفوظ، قابل اعتماد اور مؤثر بنایا جا سکے گا، جبکہ صارفین کو بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ سہولت میسر آئے گی۔








