ایران کے صوبہ کرمانشاہ میں 5.5 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے
تہران: ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ میں پیر کی صبح 5.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز اور ایرانی سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 13 منٹ پر آیا، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی، جس کے باعث جھٹکے انتہائی شدت سے محسوس کیے گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق زلزلے کا مرکز کوزران کے قریب تھا، جو کرمانشاہ شہر سے تقریباً 65 کلومیٹر دور واقع ہے۔ زلزلے کے بعد ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ کرمانشاہ زلزلہ خیز علاقے میں واقع ہے۔ 2017 میں اسی صوبے میں 7.3 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 600 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جس کے باعث حالیہ جھٹکوں نے شہریوں میں ایک بار پھر خوف کی فضا پیدا کر دی۔








