پاکستانی طلبہ کا عالمی اعزاز، انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں سلور میڈل جیت لیا
اسلام آباد: پاکستان نے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے 37ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں ایک سلور میڈل اور ایک میرٹ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا۔ یہ مقابلہ 12 سے 19 جولائی تک لتھوانیا کے دارالحکومت ویلنیئس میں منعقد ہوا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے 350 سے زیادہ نمایاں طلبہ نے شرکت کی۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسن عاطف چیمہ (انٹرنیشنل اسکول لاہور) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا، جبکہ محمد متحیر (کراچی گرامر اسکول) کو نمایاں کارکردگی پر میرٹ سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے مشترکہ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے تحت کیا گیا۔ طلبہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ میں بین الاقوامی معیار کی خصوصی تربیت حاصل کی، جبکہ وفد کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اسماء عمران اور ڈاکٹر عامر علی نے کی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق ملک گزشتہ کئی برسوں سے عالمی سائنس اولمپیاڈز میں مسلسل حصہ لے رہا ہے۔ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے تحت اب تک 365 سے زائد طلبہ عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر 144 بین الاقوامی تمغے حاصل کیے جا چکے ہیں، جو ملک میں سائنسی صلاحیتوں کے فروغ کا واضح ثبوت ہیں۔








