زخمی پولیس اہلکار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کیا مطالبہ کر دیا؟ کیا ان کی خواہش پوری ہوگی؟ اہم خبر سامنے آ گئی

زخمی پولیس اہلکار کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اپیل، جدید اسلحہ اور وسائل کی فراہمی کا مطالبہ

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے ایک زخمی اہلکار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور حفاظتی سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوئر دیر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے اہلکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے پولیس اہلکاروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

وائرل ویڈیو میں زخمی اہلکار کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود ہے اور اہلکار اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر امن و امان کے قیام کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس جدید وسائل موجود ہیں، اس لیے پولیس کو بھی جدید ہتھیار، جدید ٹیکنالوجی اور بہتر حفاظتی آلات فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ فورس زیادہ مؤثر انداز میں دہشت گردی کا مقابلہ کر سکے۔

اہلکار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اپیل کی کہ پولیس کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے اور جوانوں کو ایسے وسائل فراہم کیے جائیں جو مشکل حالات میں ان کی حفاظت اور کارروائیوں کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوں۔

اس حوالے سے صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ پولیس کو جدید وسائل سے لیس کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی وزیر شفیع جان نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں خیبرپختونخوا پولیس کے لیے 191 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ اور فرنٹ لائن اضلاع میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیاں، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل کیمرے، ڈرون ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں اور فارنزک سہولیات کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

شفیع جان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے متعدد ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس میں پہلی مرتبہ یو اے وی (UAV) ڈویژن بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ نگرانی اور آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر دیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بدلتی ہوئی حکمت عملی کے پیش نظر پولیس کو مزید جدید وسائل کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور پولیس قیادت کی توجہ کے باعث لوئر دیر پولیس کو جدید ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، کواڈ کاپٹرز، ہیوی گنز، تھرمل ویپن سائٹس، تھرمل بائنوکولرز، بیلسٹک پروف ہیلمٹس اور دیگر ضروری آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی بروقت نگرانی، نشاندہی اور کارروائیوں میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جدید وسائل اور تربیت کے ساتھ اپنے فرائض بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔

More News