مانسہرہ، ناران جانے والے سیاح احتیاط کریں، ضلعی انتظامیہ کی اہم ہدایت

مانسہرہ، ناران جانے والے سیاح احتیاط کریں، ضلعی انتظامیہ کی اہم ہدایت

مانسہرہ اور گردونواح میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ناران اور دیگر بالائی علاقوں میں سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو آئندہ 3 سے 4 روز تک بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ناران میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل روڈ متاثر ہوئی، جہاں سڑک پر ملبہ آنے سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ سڑک بند ہونے کے نتیجے میں متعدد سیاحوں کی گاڑیاں اور جیپیں مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔

انتظامیہ کے مطابق جھیل روڈ اور ناران، جھیل کھڈ روڈ پر پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ سڑک کی بحالی اور ملبہ ہٹانے کے لیے کے ڈی اے کی بھاری مشینری متاثرہ مقامات پر پہنچا دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکیں مکمل طور پر بحال ہونے تک ناران اور دیگر بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔ حکام نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ بدستور موجود ہے، اس لیے سیاح غیر ضروری خطرہ مول لینے سے گریز کریں اور انتظامیہ و ریسکیو اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

More News