پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام میں عوامی دلچسپی بڑھ گئی
لاہور:کم آمدن والے افراد کے لیے اپنے گھر کی تعمیر کا خواب پورا کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام میں عوامی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بلاسود قرضوں کے حصول کے لیے اب تک ہزاروں افراد درخواستیں جمع کراچکے ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں درخواست گزاروں کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے جاری منصوبوں، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں محکمہ کے حکام نے مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں بلال یاسین نے بتایا کہ کم آمدن والے خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں، تاکہ وہ اپنی رہائشی ضروریات پوری کرسکیں۔ پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے قرض حاصل کرنے والے افراد کو ماہانہ تقریباً 4 ہزار 700 روپے، جبکہ 10 لاکھ روپے قرض لینے والوں کو تقریباً 9 ہزار 300 روپے ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام عوام میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے اور درخواست گزاروں کی تعداد 13 لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ ان کے مطابق اب تک ایک لاکھ 74 ہزار 842 افراد کو تقریباً 226 ارب روپے کی رقم فراہم کی جاچکی ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے لیے گھروں میں نئی منزل یا اضافی کمرے تعمیر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے، جس کی اقساط چند ہزار روپے ماہانہ تک رکھی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ہزاروں خاندانوں کو اپنی رہائشی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ منصوبوں کا بنیادی مقصد کم آمدن والے طبقے کو آسان مالی سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ شہری کرائے کے گھروں پر انحصار کم کرکے اپنی ذاتی رہائش تعمیر کرسکیں۔ بلاسود قرضوں کی فراہمی کو عوام کے لیے گھر بنانے کے عمل کو آسان بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق ایسے منصوبوں سے نہ صرف کم آمدن والے خاندانوں کو مستقل رہائش کی سہولت مل سکتی ہے بلکہ تعمیراتی شعبے میں سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔








