آئی جی خیبرپختونخوا کا ملک سعد شہید پولیس لائنز کا دورہ، پولیس میس ’’کاپس کیفے‘‘ کا افتتاح
پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور کا دورہ کیا، جہاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ان کا استقبال کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے قائم کیے گئے نئے پولیس میس ’’کاپس کیفے‘‘ کا افتتاح کیا۔ میس میں جدید کچن، آرام دہ ڈائننگ ایریا سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
آئی جی پی نے میس کا تفصیلی معائنہ کیا اور خوراک کے معیار، مینیو، صفائی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود، صحت اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت مند اور مطمئن پولیس فورس ہی عوام کو مؤثر اور بہترین خدمات فراہم کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری پولیس میس کے قیام سے اہلکاروں کو صاف، متوازن اور صحت بخش خوراک میسر ہوگی، جس سے ان کی جسمانی صحت، پیشہ ورانہ کارکردگی اور مورال میں بہتری آئے گی۔
آئی جی پی نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ فورس کی فلاح، جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








