مانسہرہ: ناران میں جھیل سیف الملوک جانے پر پابندی، جھیل روڈ بند

مانسہرہ: ناران میں جھیل سیف الملوک جانے پر پابندی، جھیل روڈ بند

مانسہرہ میں ضلعی انتظامیہ نے شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر ناران میں سیاحوں کے جھیل سیف الملوک جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایت پر جھیل سیف الملوک جانے والی جھیل روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ سیاحوں کو جھیل کی جانب سفر سے روک دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مانسہرہ اور بالائی علاقوں میں جاری شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کی حفاظت کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندی کے دوران جھیل سیف الملوک جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ حکام کے مطابق موسم کی صورتحال بہتر ہونے اور سڑک کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد جھیل روڈ کو دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو بالائی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

More News