خیبرپختونخوا حکومت نے ہنگامی حالات اور ریسکیو آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کر لیا، منظوری کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی۔
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھجوا دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ریسکیو سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس کے دوران اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سواتی نے سوال اٹھایا کہ اس سے قبل ریسکیو سروسز کے لیے ڈرونز خریدنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم ان کی خریداری کیوں نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریسکیو آپریشنز کے لیے فوری ضرورت موجود ہے تو ہیلی کاپٹرز کی خریداری میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
اس موقع پر اسپیکر نے کالام میں پھنسے افراد کے ریسکیو کے لیے وزیر قانون کو پاک فوج سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی حکومت کے مطابق ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا مقصد سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانا اور ریسکیو نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔







