اسلام آبادغیر ملکی وفود کی آمدورفت کے باعث آج اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ، شہری متبادل راستے اختیار کریں اور اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں۔
اسلام آباد: غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں آج مختلف اوقات کے دوران اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ کیے جائیں گے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور بروقت روانگی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کلب روڈ سے کشمیر چوک اور سرینا چوک سے زیرو پوائنٹ تک مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہے گی اور ان مقامات پر ڈائیورشنز نافذ ہوں گی۔
پولیس نے ہدایت کی ہے کہ بھارہ کہو اور ترامڑی پارک روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری مری روڈ، فیض آباد اور ایکسپریس ہائی وے استعمال کریں، جبکہ سری نگر ہائی وے سے سرینا اور ریڈ زون جانے والے افراد فیصل ایونیو کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک کے ممکنہ دباؤ سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ پہلے گھر سے روانہ ہوں۔ پولیس کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف شاہراہوں پر اہلکار تعینات رہیں گے اور شہری تازہ ترین ٹریفک معلومات پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔








