اپر سوات میں غیر معیاری کشتیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اپر سوات میں غیر معیاری کشتیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، جامع سروے اور رجسٹریشن کا آغاز

پشاور: خیبرپختونخوا کے سیاحتی ضلع اپر سوات میں حالیہ کشتی حادثات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے غیر معیاری اور غیر محفوظ کشتیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے اور تمام بوٹنگ سروسز کا جامع سروے کرانے کا اعلان کیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اپر سوات کے مختلف سیاحتی مقامات، خصوصاً مہوڈنڈ جھیل پر چلنے والی تمام کشتیوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ سروے کے دوران کشتیوں کی فٹنس، حفاظتی معیار، آپریشنل صلاحیت اور قانونی دستاویزات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کون سی کشتیاں محفوظ ہیں اور کون سی سیاحوں کی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو کشتیاں مقررہ حفاظتی معیار پر پورا نہیں اتریں گی، انہیں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان کے آپریشن پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد سیاحوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا اور آبی تفریحی سرگرمیوں کو بین الاقوامی حفاظتی اصولوں کے مطابق منظم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں مہوڈنڈ جھیل پر بوٹنگ سروسز کی رجسٹریشن کا عمل بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئندہ کوئی بھی کشتی این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے بغیر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام بوٹنگ آپریٹرز کو اپنی کشتیوں کی رجسٹریشن، ضروری دستاویزات، ملکیتی ریکارڈ اور دیگر مطلوبہ معلومات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام جمع شدہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال، تصدیق، سرٹیفیکیشن اور این او سی کے اجرا کے لیے متعلقہ ڈیٹا ٹی ایم او (تحصیل میونسپل آفیسر) کو فراہم کیا جائے گا۔ اس عمل کے بعد صرف وہی کشتی آپریٹرز سیاحتی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے جو تمام قانونی اور حفاظتی تقاضے پورے کریں گے۔

ضلعی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صرف قانون پر عمل درآمد نہیں بلکہ سیاحوں کا اعتماد بحال کرنا بھی ہے۔ اپر سوات ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے، اس لیے محفوظ اور منظم بوٹنگ سروسز کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انتظامیہ نے سیاحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ کشتیوں میں سفر کریں، لائف جیکٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر محفوظ بوٹنگ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف حادثات کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ اپر سوات میں سیاحتی سرگرمیوں کو محفوظ، منظم اور پائیدار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

More News