بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوسہولیات فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں جدید، آسان اور بروقت سرکاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے نظام کو مزید مؤثر، فعال اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے بیرون ملک پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ اور عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج اور ان کی نگرانی کا جدید نظام شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پاکستانی سفارتخانوں میں نمایاں مقامات پر کیو آر کوڈ آویزاں کیے جائیں اور اس حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت، قانونی دستاویزات کی تصدیق اور دیگر قونصلر خدمات کو آسان بنانے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شہریوں کی سہولت کے لیے شام کی شفٹ بھی شروع کر دی گئی ہے، جس سے درخواست گزاروں کو مزید آسانی میسر آئے گی۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوسٹائل (Apostille) نظام کے نفاذ کے بعد دستاویزات کی تصدیق کا عمل ون اسٹپ کر دیا گیا ہے، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی۔ مزید بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے تعاون سے ایک جدید موبائل ایپلی کیشن بھی تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت مختلف سرکاری دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہوگی۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اصلاحاتی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جدید، تیز رفتار اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

More News