چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش، مختلف اضلاع کے لیے شیڈول جاری

چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش، مختلف اضلاع کے لیے شیڈول جاری

چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جلوسوں و مجالس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے مختلف ڈویژنل کمشنرز کو ضروری اختیارات تفویض کر دیے ہیں، جبکہ آئی جی سندھ پولیس نے بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پابندی نافذ کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔

حکام کے مطابق کراچی کے ساؤتھ زون میں 19 سے 21 صفر تک ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ویسٹ، سینٹرل اور ایسٹ زون میں 19 اور 20 صفر کو پابندی نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ملیر زون میں بھی 19 اور 20 صفر کو صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک ڈبل سواری محدود رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح حیدرآباد، مٹیاری اور دادو میں 19 اور 20 صفر کو پابندی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ٹھٹہ، جھرک اور سجاول میں 19 سے 21 صفر تک ڈبل سواری پر پابندی نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

سکھر اور خیرپور میں 18 سے 21 صفر تک پابندی کی سفارش سامنے آئی ہے، جبکہ لاڑکانہ، قمبر، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور اضلاع میں 19 اور 20 صفر کو ڈبل سواری محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید برآں بے نظیر آباد (نوابشاہ) اور سانگھڑ میں 20 صفر کو پابندی کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ میرپورخاص، ڈگری اور کوٹ غلام محمد میں 20 اور 21 صفر کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ڈبل سواری پر پابندی نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنا، چہلم کے جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا اور صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔ حتمی نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ سندھ کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔

More News