وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت امن و امان پر ہنگامی اجلاس، دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات، معاونِ خصوصی برائے داخلہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، بالخصوص جنوبی اضلاع کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو امن و امان، جاری آپریشنز اور سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ وزیراعلیٰ نے صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں بدامنی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے حکومت تمام اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی دہشت گردی کے خلاف خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور صوبائی حکومت ہر مشکل گھڑی میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔








