پشاور: چرچ میں دو چوکیداروں کے درمیان فائرنگ، ایک جاں بحق
پشاور: تھانہ پشتخرہ کی حدود میں واقع اسمبلی آف گاڈ چرچ میں تعینات دو چوکیداروں کے درمیان ہونے والی تکرار خونریز تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک چوکیدار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں چوکیداروں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران چوکیدار جاوید نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے وکٹر شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران ملزم جاوید بھی ناک پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا، تاہم وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول وکٹر کے پاس رائفل جبکہ ملزم جاوید کے پاس پستول موجود تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعہ دونوں چوکیداروں کے درمیان باہمی تکرار کا نتیجہ ہے۔ تھانہ پشتخرہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔







