امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے زبردست موقع، ایچ ای سی نے پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا
اسلام آباد: اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلبہ کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید علوم حاصل کرکے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپس سال 2027 کے داخلوں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدواروں کو امریکا کی عالمی شہرت یافتہ جامعات میں تعلیم حاصل کرنے، جدید تحقیقی سہولیات سے استفادہ کرنے اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اعلامیے کے مطابق صرف پاکستان یا آزاد جموں و کشمیر (AJK) کے شہری درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ امیدوار کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم یعنی چار سالہ بیچلر یا مساوی ڈگری ہونا ضروری ہے، جبکہ پورے تعلیمی کیریئر میں سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن رکھنے والے امیدوار اس اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
ایچ ای سی نے عمر کی حد بھی مقرر کر دی ہے۔ عام امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 36 سال جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے اساتذہ اور ریسرچرز کے لیے عمر کی بالائی حد 40 سال رکھی گئی ہے۔ مزید یہ کہ درخواست گزار پہلے کسی بھی ایچ ای سی اسکالرشپ سے فائدہ نہ اٹھا چکا ہو۔
ایچ ای سی نے اسکالرشپ پروگرام کو دو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ پہلی کیٹیگری میں امریکا کی کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 یونیورسٹیاں شامل ہیں، جہاں منتخب طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سالانہ 19 ہزار 200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر تک ہیلتھ انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کیٹیگری کے لیے متعلقہ یونیورسٹی میں داخلہ اور کم از کم 300 جی آر ای یا 60 فیصد ایچ ای سی ہیٹ (HAT) اسکور لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری کیٹیگری میں 51 سے 100 نمبر تک کی امریکی جامعات شامل ہیں۔ ان اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو سالانہ 12 ہزار امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19 ہزار 200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر تک ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔ اس کیٹیگری کے لیے بھی یونیورسٹی میں داخلہ اور مطلوبہ جی آر ای یا ہیٹ اسکور ضروری ہوگا۔
ایچ ای سی کے مطابق بہار اور موسمِ گرما 2027 کے داخلوں کے لیے درخواستیں 30 اکتوبر 2026 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ خزاں 2027 کے داخلوں کی آخری تاریخ 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔ تمام درخواستیں صرف ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع ہوں گی۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف براہِ راست پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ہے، جبکہ ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس اسکیم کا حصہ نہیں ہوگا۔








