کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، جبکہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی اور قومی سلامتی سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خود کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی تقسیم کے حوالے سے کشمیر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور حکومت کی جانب سے اس خطے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کی نمائندگی پر اعتراضات اٹھائے گئے، حالانکہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔



