خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
پشاور: محکمۂ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، آندھی، گرج چمک اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق دیر بالا، دیر زیریں، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، چارسدہ اور نوشہرہ میں کہیں کہیں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح چترال، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر 45 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدو شریف میں 42، لنڈی کوتل میں 32، کاکول میں 22 اور مالم جبہ میں 13 ملی میٹر بارش ہوئی۔
فضائی آلودگی کے اشاریے کے مطابق پشاور میں 84، ایبٹ آباد میں 69 اور مالم جبہ میں 64 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔








