ہنگو: خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں ہلاک
ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ حملے میں مبینہ طور پر ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر امیر معاویہ کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی ضلع ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے مؤثر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر امیر معاویہ مارا گیا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امیر معاویہ کو تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد اہم حیثیت حاصل تھی اور وہ مختلف دہشت گرد سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مبینہ طور پر مرکزی کردار ادا کرتا رہا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق وہ ہنگو کے علاقے میں قائم خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا بھی مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا، جس میں پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق آپریشن کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں بھی جاری رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار یا فرار ہونے والے دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور کسی بھی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔








