حج 2027: پرائیویٹ حج آپریشن کیلئے نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے پرائیویٹ حج آپریشن کو مزید منظم، شفاف اور جدید بنانے کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پرائیویٹ حج سکیم کو سعودی عرب کے نسک مسار (Nusuk Masar) سسٹم کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کرکے چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حج 2027 کے دوران پرائیویٹ حج کی بکنگ کے طریقہ کار میں بھی اہم تبدیلی متوقع ہے۔ آئندہ حج کے لیے عازمین کی بکنگ براہِ راست نجی حج آپریٹرز کے ذریعے کرنے کے بجائے وزارت مذہبی امور کے توسط سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد حج آپریشن کے مختلف مراحل کی براہِ راست نگرانی اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حج 2027 میں پہلی مرتبہ سرکاری حج سکیم کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ حج آپریشن بھی وزارت مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں چلایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نجی حج آپریٹرز کے کردار، بکنگ، ادائیگیوں اور حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کو ڈیجیٹل نظام کے تحت منظم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت پرائیویٹ حج سکیم کو وزارت مذہبی امور کی سرکاری ’پاک حج ایپ‘ کے ذریعے چلایا جائے گا۔ عازمین حج کے لیے بکنگ سے لے کر دیگر متعلقہ معاملات تک مختلف مراحل کو ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام سے حجاج کو معلومات تک آسان رسائی اور اپنے حج پیکیج سے متعلق معاملات کی بہتر نگرانی کا موقع ملنے کی توقع ہے۔
حج آپریشن کو ڈیجیٹل بنانے کا ایک اہم مقصد نجی حج سروسز میں شفافیت پیدا کرنا بھی ہے۔ نئے نظام کے ذریعے وزارت مذہبی امور نجی حج آپریٹرز کی سرگرمیوں، بکنگ کے عمل اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی زیادہ مؤثر انداز میں نگرانی کرسکے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے حج انتظامات میں موجود مختلف مراحل کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی، جبکہ عازمین کو درپیش شکایات اور مسائل کے ازالے کے لیے بھی بہتر نگرانی کا نظام قائم کیا جاسکے گا۔
وزارت مذہبی امور کے اس فیصلے کو حج آپریشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے نہ صرف نجی حج آپریشن کی نگرانی بہتر بنانے بلکہ حجاج کو زیادہ منظم، شفاف اور سہولت پر مبنی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




