بدعنوانی کے الزامات پر سہیل آفریدی کا قومی میڈیا کو جواب، وفاقی حکومت پر بھی تنقید
خیبر پختونخوا حکومت پر بدعنوانی، انتظامی بے ضابطگیوں اور ناکام حکمرانی کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کے بعد وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے قومی میڈیا میں اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں سینئر صحافی وسیم بادامی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے صوبے میں مبینہ کرپشن اور حکومتی کارکردگی سے متعلق سوالات کیے گئے۔ اس موقع پر سہیل آفریدی نے صوبائی حکومت پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ کرپٹ لوگ وفاقی حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف صرف بعض میڈیا ادارے اور ان سے وابستہ افراد مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے ایسے ذرائع ابلاغ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’کالے چینلز‘‘ قرار دیا۔
سہیل آفریدی کے بیان کے بعد صوبائی حکومت کی کارکردگی، بدعنوانی کے الزامات اور میڈیا کے کردار سے متعلق بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ حکومتی عہدیداروں کو الزامات کا جواب حقائق اور شواہد کے ساتھ دینا چاہیے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس کے خلاف سیاسی اور میڈیا مہم چلائی جا رہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں حکومتی کارکردگی اور مبینہ مالی و انتظامی بے ضابطگیوں سے متعلق مختلف سوالات پہلے بھی زیر بحث رہے ہیں۔ موجودہ بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں وفاق اور صوبے کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔








