یومِ آزادی پر سندھ میں 14 اگست کو عام تعطیل کا اعلان
حکومت سندھ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صوبے بھر میں 14 اگست 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کے روز صوبے کے سرکاری ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عام تعطیل سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار اداروں، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز پر لاگو ہوگی۔
حکومت سندھ کے اس فیصلے کے بعد صوبے کے سرکاری ملازمین اور شہریوں کو یومِ آزادی کے موقع پر مسلسل تین چھٹیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا، کیونکہ 14 اگست جمعہ کے روز ہے، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بھی ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہنگامی اور ضروری نوعیت کی خدمات انجام دینے والے محکمے اور ادارے عام تعطیل کے دائرے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ایسے اداروں کے ملازمین معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے تاکہ عوام کو ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
یومِ آزادی کے موقع پر سندھ سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات، پرچم کشائی کی تقاریب اور دیگر پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ شہریوں کی بڑی تعداد بھی جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔





