گروک کے لئے نیا امیجِن ایمیج 2.0 ماڈل متعارف
ایلون مسک کی کمپنی xAI نے Grok کے لیے نیا Imagine Image 2.0 ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جسے ویب پر موجود Imagine سروس کے ساتھ ساتھ iOS اور Android ایپس میں نئے کوالٹی موڈ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیا ماڈل خاص طور پر ایسے تخلیقی کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں تصویر کا درست لے آؤٹ، واضح تحریر، پیچیدہ ڈیزائن اور بصری عناصر کی مستقل مزاجی اہم ہو۔ Imagine Image 2.0 تفصیلی ہدایات پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ پیچیدہ ڈیزائنز میں ٹائپوگرافی اور چھوٹے متن کو واضح رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
نئے ماڈل کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارف کی جانب سے فراہم کردہ اشیا کو نئی تصاویر یا ایڈیٹس میں برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ماڈل میں تصویر میں ترمیم کے لیے مختلف ٹولز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
صارف Magic Wand یا segmentation کے ذریعے تصویر کے کسی مخصوص حصے کو منتخب کرکے اس میں تبدیلی کرسکتا ہے، جبکہ باقی تصویر کو جوں کا توں رکھا جاسکتا ہے۔ اسی طرح پس منظر ہٹا کر تصویر کو شفاف فارمیٹ میں محفوظ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
Imagine Image 2.0 ایک ہی جنریشن میں زیادہ سے زیادہ پانچ ریفرنس تصاویر استعمال کرنے کی سہولت بھی دیتا ہے، جس سے پیچیدہ مناظر تیار کرنا مزید آسان ہوسکتا ہے۔
ماڈل میں Smart Resize فیچر بھی شامل ہے، جس کے ذریعے تصاویر کو مطلوبہ فریم کے مطابق بڑھایا جاسکتا ہے۔ صارفین کو اسکوائر، لینڈ اسکیپ، 2:1، 1:2 اور 9:16 سمیت مختلف پہلو تناسب دستیاب ہوں گے۔
تاہم Imagine Image 2.0 کی API رسائی فی الحال دستیاب نہیں، جسے بعد میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔





