نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی پاکستانی کمیونٹی کی یومِ آزادی تقریب میں شرکت
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ یومِ آزادی پاکستان کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے حوالے سے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا۔
ظہران ممدانی نے تقریب میں شرکت کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں اور نیویارک شہر کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں پاکستانی نژاد افراد نیویارک کے معاشرے اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
میئر نیویارک نے بہتر اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں پاکستانی کمیونٹی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔ ان کی تقریب میں شرکت کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی نے بھی ظہران ممدانی کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کیا اور اسے دونوں جانب باہمی احترام اور تعلقات کے فروغ کی ایک اہم مثال قرار دیا۔





