رزمک کے سرسبز پہاڑوں پر درختوں کی کٹائی، عوام نے بڑا مطالبہ کردیا

رزمک کے سرسبز پہاڑوں پر درختوں کی کٹائی، عوام نے بڑا مطالبہ کردیا

شمالی وزیرستان: سیاحتی اور خوبصورت علاقے رزمک میں قیمتی اور قدرتی جنگلات کی مبینہ بے دریغ کٹائی پر مقامی شہریوں نے شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق رزمک کے پہاڑوں اور وادی میں درختوں کی مسلسل کٹائی سے علاقے کا قدرتی حسن متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

رزمک کو اپنی سرسبزی، دلکش پہاڑی مناظر، ٹھنڈی آب و ہوا اور قدرتی خوبصورتی کے باعث “چھوٹا لندن” بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں موجود گھنے جنگلات نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ صاف ہوا، ماحولیاتی توازن اور قدرتی نظام کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جنگلات کی مسلسل کٹائی کے باعث رزمک کا قدرتی حسن تیزی سے متاثر ہورہا ہے۔ ان کے مطابق اگر درختوں کی کٹائی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو آنے والے برسوں میں علاقے کو ماحولیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ جنگلات کی کمی سے موسمی توازن بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ جنگلات کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مبینہ طور پر مؤثر کارروائی نہیں کی جارہی۔ شہریوں کے مطابق قیمتی درختوں کی مبینہ غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث علاقے کے قدرتی وسائل تیزی سے کم ہورہے ہیں۔

شہریوں نے متعلقہ اداروں کی مبینہ خاموشی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رزمک کے جنگلات میں درختوں کی کٹائی کے معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر غیر قانونی کٹائی میں کوئی افراد یا گروہ ملوث پایا جائے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اہلیانِ وزیرستان نے صوبائی حکومت، اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان سے مطالبہ کیا ہے کہ رزمک کے قدرتی جنگلات کے تحفظ کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جنگلات کی نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے اور غیر قانونی طور پر درخت کاٹنے والوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔

مقامی افراد کے مطابق رزمک صرف شمالی وزیرستان ہی نہیں بلکہ پورے خیبر پختونخوا کا ایک اہم قدرتی اور سیاحتی اثاثہ ہے۔ اس کے جنگلات اور پہاڑی علاقے مستقبل میں سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رزمک کا قدرتی حسن، سرسبز پہاڑ اور قیمتی جنگلات ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماحول کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے رزمک کی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

More News