بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست
ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایک اور اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔
نیپرا کے مطابق درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جس کی فی یونٹ لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی، جبکہ ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔
جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جس کی فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی، جبکہ پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جس کی فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔ ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔
نیپرا میں درخواست کی سماعت 27 اگست کو ہوگی۔ منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔







