دنیا کے سیاحتی نقشے پر پاکستان کا ایک اور اعزاز، دی ٹیلی گراف کا بڑا اعتراف
معروف برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کرتے ہوئے ملک کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی رنگوں کو سراہا ہے۔
دی ٹیلی گراف کے خصوصی سفری مضمون میں شمالی پاکستان کے برف پوش پہاڑوں، پُرسکون وادیوں اور قراقرم کے بلند پہاڑی سلسلے کو نمایاں کیا گیا۔ وادی ہنزہ، گلیشیئرز، جنگلی پھولوں سے سجے میدان اور شاہراہ قراقرم کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں شاہراہ قراقرم کو انجینئرنگ کا شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ پاکستان کو چین سے ملاتی ہے اور قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے بلند پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے۔
دی ٹیلی گراف نے پاکستان کے دور دراز پہاڑی علاقوں کے لوگوں کی سادگی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو بھی سراہا، جبکہ لاہور کی بادشاہی مسجد، قدیم شاہراہ ریشم اور وادی سندھ کی ہزاروں سال پرانی تہذیب کو بھی پاکستان کے اہم تاریخی ورثے کے طور پر نمایاں کیا۔
پاکستان کے ساتھ ترکمانستان، گیبون، انگولا، تیمور لیستے، نکاراگوا، گیانا، آرمینیا، جمہوریہ کانگو، ویسٹ پاپوا اور پاپوا انڈونیشیا کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔





