حکومت اور اپوزیشن میں برف پگھلنا شروع، اہم ملاقات
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کافی عرصے بعد برف پگھلنے لگی، وفاقی وزرا اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں سیاسی معاملات پر مشاورت کی گئی۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا ثنااللہ، طارق فضل چودھری اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد رانا ثنااللہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا، وزیراعظم اس خط کا جواب دے رہے ہیں، اسی معاملے پر مشاورت کے لیے ملاقات کی گئی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ اپوزیشن سے بات آگے بڑھ سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے خط کا جواب دیں گے، پیر کی ملاقات سے برف پگھلے گی اور معاملہ آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر نہ پہلے کوئی سمجھوتہ کیا گیا ہے اور نہ کیا جائے گا، انہیں پہلے سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس نئے صوبوں سے متعلق فی الحال کوئی تجویز نہیں۔





