صوابی میں بارش اور سیلابی ریلوں سے کئی علاقے زیرِ آب، 300 سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل
صوابی: ضلع صوابی کی تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے قمرگی، ترکئی، لنڈی چم، خمزہ ڈھیر، منصب دار، مناگئ اور ڈھنڈوقہ سمیت متعدد علاقے زیرِ آب آگئے۔
شدید بارش کے باعث کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ مختلف شاہراہوں پر کئی فٹ پانی اور سیلابی ریلے جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے 300 سے زائد متاثرہ افراد کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا، متاثرین میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موضع منصب دار، جہانگیرہ روڈ، کھنڈہ موڑ اور انبار سمیت دیگر متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیاں کیں، جبکہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب رفیق آباد کے گورنمنٹ مڈل سکول میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور طلبہ کو مجبوری کے تحت گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔ سکول کے احاطے میں پانی جمع ہونے سے طلبہ اور عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے امدادی سرگرمیاں بھی جاری رکھی گئی ہیں۔





