گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کروم کو جیمنائی اے آئی فیچرز سے لیس کردیا

گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کروم کو جیمنائی اے آئی فیچرز سے لیس کردیا

واشنگٹن: گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم ویب براؤزر میں جیمنائی اے آئی کے جدید فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جس کا مقصد موبائل براؤزنگ کے تجربے کو زیادہ ذہین اور انٹرایکٹو بنانا ہے۔

گوگل کے مطابق ابتدائی طور پر یہ نئے اے آئی فیچرز امریکا میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب کیے جارہے ہیں۔ یہ فیچرز اس سے قبل کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن پر دستیاب تھے، تاہم اب انہیں موبائل صارفین تک بھی توسیع دی جارہی ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے فیچرز اینڈرائیڈ پر کروم کو محض ویب براؤزر کے بجائے ایک ڈیجیٹل اے آئی اسسٹنٹ کے طور پر استعمال کرنے میں مدد دیں گے۔ صارفین ویب پر موجود مواد کو زیادہ آسانی سے سمجھنے، اس کا خلاصہ حاصل کرنے اور مختلف سوالات کے جوابات حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔

نئے فیچرز میں ویب پیجز کی اے آئی سمری تیار کرنے اور اسی صفحے کے بارے میں براہ راست سوالات پوچھنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین طویل ویب صفحات کے اہم نکات مختصر انداز میں جان سکیں گے۔

گوگل نے کروم میں اپنی دیگر سروسز کے انضمام کو بھی مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق جی میل، گوگل کیپ اور گوگل کیلنڈر کو کروم کے ساتھ مربوط کیا جارہا ہے، جس سے صارفین کو براؤزنگ کے دوران مختلف کام انجام دینے میں آسانی ہوگی۔

اس کے علاوہ گوگل کا نانو بنانا ٹول بھی کروم کے ذریعے صارفین کو دستیاب ہوگا۔ اس ٹول کی مدد سے صارفین تصاویر تیار کرنے اور موجودہ تصاویر میں تبدیلیاں کرنے کے قابل ہوں گے۔

صارفین اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے آرٹ ورک تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ویب پیج پر موجود متن کو تصاویر میں تبدیل کرنے جیسے کام بھی انجام دے سکیں گے۔

گوگل نے آٹو براؤز نامی ایک اور اے آئی فیچر بھی متعارف کرایا ہے، تاہم یہ سہولت صرف گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگی۔

آٹو براؤز بنیادی طور پر ایک اے آئی ایجنٹ سسٹم ہے جو صارف کی جانب سے ویب پر پیچیدہ کام انجام دینے میں مدد کرسکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے گوگل کروم کو مزید خودکار اور ذہین بنانے کی جانب پیش رفت کررہا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ نئے فیچرز کا مقصد موبائل صارفین کے لیے ویب براؤزنگ کو زیادہ آسان، تیز اور مؤثر بنانا ہے، جبکہ آنے والے عرصے میں ان سہولیات کی دستیابی مزید صارفین تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

More News