مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات، متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان

مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات، متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے اہم ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔

مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جے یو آئی کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے، جبکہ محمود خان اچکزئی کے ہمراہ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی ہے اور اصولی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے قیام کا مقصد پارلیمنٹ میں مضبوط، مؤثر اور مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا ہے۔ اس حوالے سے مزید مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے امید ظاہر کی کہ متحدہ اپوزیشن کی تشکیل ایک مثبت اور مؤثر سیاسی پیش رفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے بڑھانے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔

جے یو آئی سربراہ نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے بھی سیاسی ماحول سازگار بنانے پر زور دیا، تاکہ مختلف جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر بیٹھ کر اہم قومی اور سیاسی معاملات پر مشاورت کرسکیں۔

صحافیوں کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو متحدہ اپوزیشن میں شامل کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت حکومت کا حصہ ہے۔

ملاقات اور اعلان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیاسی رابطوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ متحدہ اپوزیشن کی تشکیل کی صورت میں پارلیمنٹ کے اندر حکومت کے مقابلے میں ایک زیادہ منظم اور مشترکہ اپوزیشن کردار سامنے آسکتا ہے۔

More News