پاکستان میں پہلا ڈی پی آر پروگرام متعارف، سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے
پاکستان میں سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پہلا ڈائیورسفائیڈ پیمنٹ رائٹس پروگرام متعارف کرا دیا گیا ہے، جسے جدید مالیاتی نظام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق ڈی پی آر پروگرام عالمی سرمایہ کاروں سے غیر ملکی کرنسی میں طویل مدتی فنانسنگ حاصل کرنے کا جدید ذریعہ ہے۔ اس سلسلے میں عالمی مالیاتی ادارے اور بینک الفلاح کے درمیان منصوبے کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 100 ملین امریکی ڈالر تک کی فنانسنگ دستیاب ہوگی، جس سے پاکستان کے مالیاتی ذرائع میں تنوع آئے گا اور عالمی سرمایہ کاروں تک رسائی بڑھے گی۔
خرم شہزاد کے مطابق ڈی پی آر پروگرام پیداواری سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ دیگر پاکستانی بینکوں کے لیے بھی عالمی سرمایہ مارکیٹوں سے جڑنے کی نئی راہ ہموار کرے گا۔








