شفا ہسپتال میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا: طارق فضل چوہدری

شفا ہسپتال میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا: طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی حالات اس حد تک خراب ہوگئے تھے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا ہسپتال لے جانا ممکن نہیں رہا، جس کے بعد ڈاکٹروں کو پمز ہسپتال منتقل کرکے وہاں طبی معائنہ کرایا گیا۔

سماء سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ 20 اگست کو عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں، ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دیا گیا تھا اور ہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں حالات کے پیش نظر عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔ ان کے مطابق عمران خان صبح تقریباً 5 بجے پمز سے اڈیالہ جیل واپس منتقل ہوگئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں عمران خان کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی شامل تھی، اسی لیے حکومت نے ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل بھی گزشتہ ماہ عمران خان کو 6 مرتبہ ہسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت عمران خان کے علاج کے معاملے میں غفلت نہیں برتے گی اور اپنی ذمہ داری آئندہ بھی پوری کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق عمران خان طبی طور پر صحت مند ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت پر عائد کیے گئے الزامات حقائق کے منافی ہیں۔

More News