محمود اچکزئی کی زیر صدارت مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، عمران خان کی صحت پر تشویش
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، شاہد خٹک، سابق اسپیکر اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجا اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکا نے عمران خان کی صحت اور علاج کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت پر عمران خان کی صحت کے معاملے کو متنازع بنانے کا الزام بھی عائد کیا۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔
مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے معاملے پر آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عمران خان کی صحت، علاج اور بنیادی حقوق سے متعلق معاملات کو ہر سطح پر اٹھایا جائے گا۔
رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور مشاورت کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پارلیمانی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کے مطابق سیاسی اختلافات کے باوجود جمہوری اداروں کی مضبوطی اور قانون کی بالادستی کو ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور عدالتی احکامات سے متعلق معاملات پر مؤثر آواز اٹھائی جاتی رہے گی۔





