پشاور: ڈی جی کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت اعلیٰ افسران کے تبادلے اور ترقیاں
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ہیومن ریسورس مینجمنٹ نے صوبائی افسران کے تبادلوں، تعیناتیوں اور ترقیوں کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد شیراز، پی ایم ایس بی ایس-19، کو فوری طور پر تبدیل کرکے کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔
سابق ڈی جی کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی رحمت علی، پی ایم ایس بی ایس-18، کو عہدے سے ہٹا کر محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا سروس ٹربیونل کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ فشریز میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر ڈائریکٹر فشریز محمد شفیع مروت، بی پی ایس-20، کو ترقی دے کر ڈائریکٹر جنرل فشریز خیبرپختونخوا مقرر کر دیا گیا ہے۔
سابق ڈی جی فشریز زبیر علی، بی پی ایس-20، کو تبدیل کرکے سینئر ڈائریکٹر فشریز تعینات کر دیا گیا ہے۔
محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے مطابق تمام تبادلوں، تعیناتیوں اور ترقیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔





