خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پشاور: خیبرپختونخوا میں آج شام اور رات سے 23 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان سمیت بالائی اضلاع میں بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمے نے بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات اور دریاؤں، ندی نالوں کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور پانی کی گزرگاہوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔








