فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران، دوطرفہ تعاون اور علاقائی امن پر اہم بات چیت
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ترجمان کے مطابق دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل بھی ہے۔
اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں خطے کی صورتحال اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام پر گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو اس وقت معاشی، فوجی اور سکیورٹی محاذ پر مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ملک امریکا کی سخت پابندیوں کے باوجود ثابت قدم ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش ناکام رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن ایران کو تباہ کرنا چاہتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ مسعود پزشکیان کے مطابق ایران مضبوط اتحاد کے ذریعے مزید طاقتور ہوکر ابھرا ہے اور امید ہے عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔






