بنوں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل برآمد
بنوں: پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنوں میں دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تھانہ سٹی کی حدود میں منڈان گیٹ کے قریب بارودی مواد سے بھری ایک مشکوک موٹر سائیکل برآمد کی گئی، جس میں مبینہ طور پر ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی نصب تھی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگرد بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل بنوں شہر کے اندر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم منڈان گیٹ کے قریب موٹر سائیکل کا ٹائر پھٹ گیا۔ ٹائر پھٹنے کے بعد ملزمان موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ اہلکاروں نے علاقے کو محفوظ بنانے کے بعد مشکوک موٹر سائیکل کی تلاشی اور تکنیکی جانچ شروع کی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ ابتدائی کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سے تقریباً 7 سے 8 کلوگرام بارودی مواد برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، جس سے بنوں شہر میں بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ٹل گیا۔
پولیس نے بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب فرار ہونے والے نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی اقدامات بھی مزید سخت کیے گئے ہیں۔





