آئی فون 18 پرو کی قیمتوں میں اضافے اور نئے ماڈلز کا امکان
اسلام آباد: ایپل کی جانب سے ستمبر میں نئی آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم رواں سال صارفین کو نئے آئی فونز کی خریداری کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ سکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے۔
بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر RAM اور دیگر پروسیسنگ چپس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایپل اپنی نئی پرو سیریز کی قیمتوں پر نظرثانی کرسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
اندازوں کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں کم از کم 100 ڈالر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ اگر یہ اضافہ نافذ کیا جاتا ہے تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت موجودہ 1,099 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 1,199 ڈالر ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ستمبر میں ہونے والی ایپل کی تقریب صرف نئے آئی فونز تک محدود نہیں ہوگی۔ کمپنی کی جانب سے پہلی مرتبہ فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے جانے کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جسے ایپل کی مصنوعات میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب اس سال آئی فون 18 لائن اپ کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی بھی متوقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق ستمبر کی تقریب میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 Air پیش نہیں کیے جائیں گے۔ مختلف تکنیکی لیکس کے مطابق ان دونوں ماڈلز کو 2027 کے اوائل میں الگ تقریب کے ذریعے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اگر قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو آئی فون 18 پرو اور پرو میکس صارفین کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ثابت ہوسکتے ہیں۔ تاہم ایپل کی جانب سے نئی قیمتوں اور ماڈلز کی باضابطہ تفصیلات ستمبر کی لانچ تقریب میں سامنے آنے کی توقع ہے۔





