وزیراعظم کا 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان

وزیراعظم کا 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے زیتون کی کاشت، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کے لیے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اٹلی میں زیتون کی کاشت، جدید پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے شعبوں میں عملی تربیت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیتون کے شعبے میں کسانوں، محققین اور ماہرین کی محنت سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 60 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی انقلاب کے لیے کسانوں کو جدید سہولیات اور حکومتی تعاون فراہم کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان سالانہ تقریباً 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے۔ اگر مقامی پیداوار بڑھا کر اس درآمدی بل میں صرف 400 ملین ڈالر کی بھی کمی کی جائے تو یہ ملکی معیشت کے لیے بڑی کامیابی ہوگی۔

انہوں نے پام آئل اور سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا تاکہ خوردنی تیل کی درآمدات کم کی جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان زراعت، ٹریکٹر مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں تعاون موجود ہے، جبکہ زیتون کی پیداوار، جدید پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کسانوں کو سہولیات فراہم کریں گی اور نوجوانوں کو جدید تربیت کے مواقع دینا زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

More News