پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ ریلوے سے منسلک ہوں گے، معاہدے پر دستخط
پشاور: خیبرپختونخوا میں ریلوے نظام کو وسعت دینے اور اہم شہروں کو جدید ریل رابطوں سے منسلک کرنے کے لیے وزارتِ ریلویز اور حکومتِ خیبرپختونخوا کے درمیان اہم فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
پشاور میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی موجودگی میں کیے گئے۔
معاہدے کے مطابق گریٹر پشاور سرکلر ریلوے کے پہلے مرحلے میں پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد شہریوں کو بہتر، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے بڑے شہری مراکز کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔
فریم ورک کے آئندہ مراحل میں پشاور ویلی ریلوے کے تحت درگئی اور طورخم تک ریلوے لائن کی توسیع بھی شامل ہے، جس سے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کو وسیع ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کی راہ ہموار ہوگی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ جدید ریلوے نظام سے لاکھوں مسافروں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کو ارزاں، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ریل روابط سے صوبے میں تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت قومی اداروں کو مضبوط بنانے اور وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف بڑے شہروں کے درمیان سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں اور عوامی نقل و حمل کے نظام کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔





