آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے اور مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں میں سے 13 نشستیں اپنے نام کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف دو نشستیں حاصل کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے نواز شریف کے وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ووٹ دیا، جبکہ انتخابات کے دوران بعض عناصر کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم عوام نے جمہوری عمل کو کامیاب بنایا۔








