آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، محسن نقوی

آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آن لائن فراڈ اور سائبر کرائم کے زیادہ تر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ خواتین اور بچیوں کو مختلف طریقوں سے دھوکہ دہی، بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے خواتین کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور بعد ازاں انہیں مختلف طریقوں سے بلیک میل کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں بالخصوص نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو ہدایت کی کہ آن لائن فراڈ، ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیح ہے اور سائبر جرائم کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتیں اور کسی نامعلوم شخص کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات یا نجی مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔

More News