آپریشن شعبان میں مزید 4 دہشتگرد ہلاک، مجموعی تعداد 71 ہوگئی، سیکیورٹی ذرائع
پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن شعبان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مزید 4 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سران ٹنگی کے علاقے میں ہونے والی تازہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 109 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہیں اور آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔








