احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ، ملکی حالات پر بریفنگ کی پیشکش

احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ، ملکی حالات پر بریفنگ کی پیشکش

لاہور: وفاقی وزیر احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے تناظر میں ملکی حالات پر بریفنگ دینے کی پیشکش کی۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ احسن اقبال نے لیاقت بلوچ کو ملکی حالات کے حوالے سے حکومت کا مؤقف اور صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے بریفنگ کی پیشکش کی۔

دوسری جانب لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ناجائز منافع خوری اور بھتہ خوری کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی مسائل اور پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق احتجاج جاری رہے گا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کا احتجاج رنگ لائے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری سیاسی رابطوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے باضابطہ بریفنگ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دریں اثنا، لیاقت بلوچ نے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی والدہ کے انتقال پر بھی اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

More News