اختیار ولی کا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے استعفے کا مطالبہ
پشاور: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کوہاٹ دھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کو صوبے کے مسائل کے بجائے سوشل میڈیا سرگرمیوں سے فرصت نہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی اور اسمگلنگ سمیت مختلف مسائل موجود ہیں اور انتظامی صورتحال تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا مورال بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ پولیس، ڈاکٹرز اور خاصہ دار فورس احتجاج پر ہیں اور شہداء کے جنازوں میں حکومتی نمائندگی بھی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔







