اسحاق ڈار کا استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل، بشکیک روانہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا اور کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار نے استنبول میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
نائب وزیراعظم نے دورہ استنبول کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے دوطرفہ ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کے ہمراہ استنبول سے بشکیک روانہ ہوگئے۔ بشکیک میں نائب وزیراعظم، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے ہمراہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس سمٹ میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کرغزستان کے دوران 2 ستمبر کو کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف سے دوطرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ بھی سنبھالے گا۔ اس تناظر میں پاکستانی قیادت کی ایس سی او اجلاس میں شرکت کو علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ایس سی او اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے علاقائی امن، استحکام، معاشی تعاون اور رابطوں کے فروغ سمیت مختلف اہم امور پر مؤقف پیش کیے جانے کا امکان ہے۔








