اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گیس فراہمی کے اوقات محدود
اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی صرف کھانا پکانے کے مخصوص اوقات تک محدود کر دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ایل این جی کی دستیابی میں کمی اور موسم سرما کے دوران گیس کی طلب میں اضافے کے پیش نظر نیا شیڈول نافذ کر دیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق بدھ سے گھریلو صارفین کو روزانہ تین اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔ صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک جبکہ شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔
حکومت نے محدود گیس ذخائر کے پیش نظر گھریلو صارفین کو دیگر شعبوں پر ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو کھانا پکانے کے لیے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب ایس این جی پی ایل نے سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی فراہمی بھی کم کر دی ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو یومیہ 50 ملین مکعب فٹ گیس کے بجائے اب 35 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔








