امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، عالمی بھاؤ 4 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگیا
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت دوبارہ 4 ہزار ڈالر کی اہم حد عبور کرگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 26 ہزار 36 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 11 ہزار 917 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 65 ہزار 257 روپے کا ہوگیا، جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت میں 295 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 663 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 139 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 35 ڈالر پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی معاشی غیر یقینی صورت حال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ پاکستان میں عالمی قیمتوں کے علاوہ روپے اور ڈالر کے شرح تبادلے کا اثر بھی مقامی صرافہ بازاروں پر پڑتا ہے۔






